اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیراعظم عمران خان کو سعودی عرب سے تحفے میں ملنے والی گھڑی کے خریدار عمر فاروق ظہور نے کہا ہے کہ دبئی میں گھڑیوں کے ڈیلر سے گھڑی کی پروموشن کسی اور نے نہیں ذلفی بخاری نے کروائی تھی۔ایک انٹرویومیں عمر فاروق ظہور نے کہا کہ ذلفی بخاری نے ہی ڈیلر سے رابطہ کرکے ویب سائٹ پر
مارکیٹنگ کرنے کا کہا تھا۔انہوں نے کہا کہ گھڑی کے معاملے پر میں نے اسٹائل واچز سے بات کی، ان سے پوچھا کہ آپ کا نام آرہا ہے، آپ نے ٹرانزیکشنز کیں؟عمر فاروق نے کہا کہ انہوں نے کلیئر کیا کہ گھڑی نہ خریدی نہ فروخت کی، انہوں نے کہا کہ ذلفی بخاری نے رابطہ کیا تھا، اسٹائل واچز نیکہا ذلفی بخاری نے گھڑی کی مارکیٹنگ کرنے کا کہا۔انہوں نے کہا کہ اسٹائل واچز کے مطابق ذلفی بخاری نے کہا کہ اچھی قیمت مل جائے تو بتا دیں، اسٹائل واچز نے کہا ہم نے تصاویر لیں اور مارکیٹ کرنے کا کہا۔عمر فاروق نے کہا کہ ذلفی بخاری کو بہت اچھی طرح جانتا ہوں، یہ ہمیں سرمایہ کاری وغیرہ کیلئے دعوت دے رہے تھے، ہم سے کوئی مسئلہ نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ گھڑی کی ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں ان سے کوئی انکار نہیں کر سکتا، یہ پرائیویٹ ٹرانزیکشنز ہوتی ہیں جو اعتماد کی بنیاد پر ہوتی ہے، اگر میرے خلاف کیس کیا تو ثبوت عدالت میں پیش کروں گا۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ذلفی بخاری نے کہا ہے کہ عمر فاروق ظہور جھوٹ بول رہے ہیں، عمر فاروق ظہور کا یہ دعویٰ بھی جھوٹا ہے کہ ان دونوں کی دوستی ہے۔اپنے بیان میں ذلفی بخاری نے کہا کہ پوری زندگی میں ان کی عمر فاروق ظہور سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمر فاروق ظہور کا ذہنی توازن درست نہیں۔