نیو یارک (این این آئی)بولڈ لباس اور پروگرامات میں شرکت کرکے شہرت حاصل کرنے والی خوبرو فرانسیسی ریلٹی ٹی وی سٹار اور ماڈل میرین الہیمر نے اسلام قبول کرلیا۔میرین الہیمر متعدد فرانسیسی ٹی وی ڈراموں اور سیریلز سمیت ریئلٹی ٹی وی شوز کا حصہ بن چکی ہیں جب کہ
وہ جوتوں، پرفیوم اور لباس کے بولڈ فیشن شوبز کا حصہ بھی رہ چکی ہیں۔وہ اپنے بولڈ ریئلٹی ٹی وی شوز کی وجہ سے کافی شہرت رکھتی ہیں مگر کچھ عرصے سے لوگوں نے ان کا بدلتا ہوا انداز دیکھا تو ان سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہوئیں کہ انہوں نے شوبز اور فیشن کی دنیا چھوڑ دی ہے۔تاہم انہوں نے خود سے متعلق ہونے والی چہ مگوئیوں کو ختم کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے بتایا کہ انہوں نے چند ماہ قبل اسلام قبول کرلیا تھا۔میرین الہیمر نے دوران عمرہ سعودی عرب کے مقدس مقامات کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے اپنے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کی ویڈیو بھی شیئر کی اور اعتراف کیا کہ وہ چند ماہ قبل ہی مسلمان ہوگئی تھیں مگر انہوں نے یہ بات کچھ عرصے تک خفیہ رکھی۔انہوں نے کلمہ شہادت پڑھنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہر انسان کو ایک سے دوسرے مذہب میں داخل ہونے کی اجازت اور حق حاصل ہے اور وہ اس بات پر خدا کی شکر گزار رہیں گی کہ وہ سیدھی راہ پر آگئیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کے دل اور روح نے اسلام کا انتخاب کیا اور سکون کی خاطر وہ اس مذہب میں آئیں۔انہوں نے ایک شعر بھی لکھا کہ زندگی سے آگے ایسے بھی راستے ہیں جن پر ہر ایک کو تنہا سفر کرنا پڑے گا، جہاں ان کا ساتھ دینے والا کوئی دوست، کوئی اہل خانہ اور کوئی ساتھی نہیں ہوگا، وہاں صرف خدا اور وہ سفر کرنے والا ہوگا۔انہوں نے دائرہ اسلام پر نیک خواہشات کرنے والے افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔