لاہور(این این آئی) وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے لاہور ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ کی اصولی منظوری دے دی۔وزیراعلی چودھری پرویزالٰہی نے گلبرگ تا بابو صابوانٹرچینج ایکسپریس وے پراجیکٹ کا جلد آغاز کرنے کی ہدایت کی اورالیکٹراک بسیں چلانے کی تجویزپراتفاق کیا۔وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی
زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس میں سابق وفاقی وزیر مونس الہی نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں گلبرگ تا بابو صابو ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ کے جلد آغا ز کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلی چودھری پرویزالہی نے اجلاس میں کہا کہ ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے بننے سے چند ماہ میں لاہور کا نقشہ تبدیل ہوجائے گا۔وزیراعلی نے ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے کے اطراف میں کمرشل مراکز بنانے کا جائزہ لینے کا حکم دیا۔وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایاگیا کہ دونوں اطراف میں چار رویہ ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے کی لاگت کا تخمینہ 85ارب روپے ہوگا۔لاہور شہر میں مشرق سے مغربی اطراف میں پہلی ایکسپریس وے بنائی جائے گی۔گلبرگ سے موٹر وے تک کا فاصلہ8منٹ میں طے ہوگا۔ ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے بننے سے 20کلو میٹر کا سفراور30منٹ وقت بچے گا۔ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے مال روڈ،ملتان روڈ سمیت 12بڑی سڑکوں سے منسلک ہوگی۔ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے سے کارڈیالوجی سمیت بڑے ہسپتالوں تک رسائی آسان ہوگی۔طلبہ و طالبات کو لاہورکالج،کنیئرڈ کالج سمیت دیگر تعلیمی اداروں میں آمدورفت میں سہولت ہوگی۔ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے بننے سے 80ہزار سے زائد گاڑی مالکان مستفید ہوں گے۔سابق وزیر ہاشم جواں بخت،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی محمد خان بھٹی،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔