اسلام آباد ( آن لائن ) وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آؤٹ لک جاری کردی ہے جس کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ترسیلات زر اور بیرونی سرمایہ کاری میں کمی واقع ہوئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری معاشی آئوٹ لک کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ترسیلات زر 6.1 فیصد کم ہوئیں ۔گزشتہ مالی سال جولائی سے ستمبر ترسیلات زر 8.2 ارب ڈالر جبکہ رواں سال 7.7 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں، وزارت خزانہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ جولائی تا ستمبر برآمدات میں 5.5 فیصد اضافہ اور درآمدات میں 7.9 فیصد کی کمی ہوئی،ایف بی آر محصولات میں جولائی سے ستمبر 17 فیصد کا اضافہ ہوا،نان ٹیکس آمدنی میں گزشتہ مالی سال اسی عرصے کی نسبت 47.4 فیصد اضافہ ہوا، وزارت خزانہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ رواں مالی سال زرعی شعبے کو قرضوں میں 31.5 فیصد کا اضافہ ہوا، جولائی سے ستمبر افراط زر کی شرح 25.1 فیصد جبکہ ستمبر میں 23.2 فیصد ریکارڈ کی گئی۔