لاہور (آن لائن) سول سیکرٹریٹ کے شعبہ ویلفیئر ونگ ”ایس اینڈ جی اے ڈی“ نے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے لئے نیا طیارہ خریدنے کا فیصلہ کیا ہے بتایا گیا ہے کہ نئے طیارے کی خریداری کی پرنسپل منظوری کے لئے محکمہ خزانہ پنجاب کو ایک سمری ارسال کردی ہے
جبکہ محکمہ خزانہ پنجاب نے سمری کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ ویلفیئر ونگ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر استعمال پہلے سے موجود طیارہ پرانا ہوچکا ہے۔ جس کی اب تک بار بار مرمت بھی کروائی جا چکی ہے لہٰذا نیا طیارہ خریدنے سے قبل پرانے طیارے کو فروخت کردیا جائے گا جبکہ نئے طیارے کی خریداری کے لئے باقاعدہ ٹینڈر جاری کئے جائیں گے دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے نئے طیارے کی خریداری کے فیصلے پر عوامی حلقوں نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ ساتھ چودھری پرویز الٰہی کی بے حسی بھی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ ان حلقوں کا کہنا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔ سیلاب سے متاثرہ شہری خوراک کو ترس رہے ہیں۔ لیکن وزیراعلیٰ پنجاب کی ترجیحات صرف اور صرف گجرات اور منڈی بہاؤالدین ہے یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ان دنوں وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے 40 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک نیا دفتر بھی تعمیر کیاجا رہا ہے۔