اسلام آباد،لاہور(این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت نے پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کو روکنے کی تیاریاں شروع کردیں۔وفاقی حکومت کی طرف سے پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ کی وجہ سے پیشگی اقدامات شروع کردئیے گئے ہیں جس کے تحت
ضلعی انتظامیہ کی طرف سے فیض آباد پر کنٹینرز پہنچا دئیے گئے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے فی الحال لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیاگیا تاہم پی ٹی آئی نے کارکنان کو لانگ مارچ کی تیاریوں کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دھرنے کے ممکنہ اعلان کے بعد دارالحکومت کو ایک ہفتے کے لیے مکمل سیل کر دیا جائے گا،دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ممکنہ لانگ مارچ کا آغاز کہاں سے ہو گا، وقت اور جگہ کا تعین میں کروں گا، اہم کارڈ ابھی میرے سینے سے لگے رہیں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین سے سے پارٹی رہنما وسیم رامے سمیت دیگر نے ملاقات کی ۔عمران خان نے پارٹی رہنمائوں کو لانگ مارچ کے لئے ٹاسک دے دیئے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہر ضلع سے چھ ،چھ ہزار لوگوں کو حقیقی آزادی مارچ میں لے کر آنا ہے، لانگ مارچ کا آغاز کہاں سے ہوگا وقت اور جگہ کا تعین میں کروں گا،لانگ مارچ کے بارے میں اہم کارڈ ابھی میرے سینے سے لگے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی اپنی تیاری مکمل رکھے،ہر تنظیم اپنا اپنا ڈیٹا سینیٹر شبلی فراز کو بھیج دیں، ہر ضلع میں ساڑھے تین ہزار سے زائد عہدیدار ہوں گے جو مارچ میں لوگوں کو لے کر آئیں گے ،تنظیموں کی جانب سے مکمل ڈیٹا ملتے ہی لانگ مارچ کی کال دے دوں گا۔