حیدر آباد، نوابشاہ(این این آئی) حیدر آباد میں سن کے قریب انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثے میں 10 افرادجاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ایس ایس پی جامشورو جاوید بلوچ کے مطابق انڈس ہائی وے پر ٹرک اور بس میں تصادم سے 13 افراد زخمی بھی ہوئے۔
جاوید بلوچ کے مطابق ٹرک اور بس میں حادثے کا واقعہ سن کے قریب تھوڑی پھاٹک کے پاس پیش آیا۔ایس ایس پی جامشورو نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق 10 افراد میں دو خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں۔پولیس حکام کے مطابق حادثے میں کوچ اور ٹرک دونوں کے ڈرائیور بھی جاں بحق ہوگئے ،زخمیوں کو لمس ہسپتال جامشورو منتقل کر دیاگیا ،پولیس حکام کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق بہاولپور سے ہے اور حادثے کا شکار بس کراچی سے پنجاب جارہی تھی۔دوسری جانب نواب شاہ میں اچار بنانے والی فیکٹری میں گیس سلنڈر پھٹنے سے دھماکا، 4 مزدور جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق نواب شاہ کے علاقے ہاشم ٹاؤن میں اچار بنانے والی فیکٹری میں گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث دھماکا ہوا، دھماکے کے دوران 4 مزدور جاں بحق ہوئے اور کئی زخمی بھی ہوئے ۔ریسکیو کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو مردہ خانہ منتقل کر دیا ، پولیس نے بھی جائے وقوعہ کو اپنے گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔