پشاور (این این آئی)پشاورکے علاقے متنی میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کی دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں 4 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہ گیر شہید اور چار سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے متنی کے
گاؤں شیرہ کیرہ میں ٹی ٹی پی کے کمانڈر عبدالرحیم اور دیگر ساتھیوں نے پشاور آنے والی سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی، دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 4 سکیورٹی اہلکار زخمی اور ایک راہ گیر شہید ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایک دہشت گرد کو زندہ پکڑ لیا گیا۔قبلا زیں دہشت گردوں کی پشاور کے علاقے حسن خیل میں فوجی قافلے پر فائرنگ کر نے پر جوانوں کی موثر جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا ، فائرنگ کے تبادلے میں دو اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور کے علاقے حسن خیل میں دہشت گردوں نے فوجی قافلے پر فائرنگ کی، فوجی جوانوں کی فوری جوابی کارروائی میں 3 دہشت گردوں مارے گئے،ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا، مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے، شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے جعفرآباد کے 30 سالہ لانس نائیک محمد پنہ اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے جنوبی وزیرستان کے 36 سالہ سپاہی شمس اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، علاقے میں میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔