منگل‬‮ ، 24 دسمبر‬‮ 2024 

ایون فیلڈ ریفرنس میں 7 سال کی سزا کالعدم قرار، مریم نواز بری

datetime 29  ستمبر‬‮  2022
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور کیپٹن (ر )صفدر کی سزائیں کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کردیا ،اس کے ساتھ ہی مریم نواز کی نااہلی بھی ختم ہوگئی جبکہ عدالت عالیہ نے کہا ہے کہ آمدن سے زائد اثاثوں میں نواز شریف اور مریم نواز کا تعلق ثابت نہیں ہو رہا، نیب عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہا۔

تفتیشی افسر کی رائے کو شواہد کے طور پر نہیں لیا جا سکتا، جے آئی ٹی نے کوئی حقائق بیان نہیں کیے، صرف اکٹھا کی گئی معلومات دیں۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سنایا گیا ،احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کو 7 سال، 20 لاکھ پانڈ جرمانے کے علاوہ ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال کی سزا سنائی تھی۔دوران سماعت عدالت نے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر کو دلائل دینے کی ہدایت کی، مریم نواز کے وکیل امجد پرویز اور نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی روسٹرم پر آئے۔پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر عثمان چیمہ نے دلائل دئیے تھے آج انکی طبیعت ٹھیک نہیں، عثمان چیمہ نہیں آ سکتے، عدالت اجازت دے تو میں دلائل دوں، امجد پرویز نے کہا کہ سردار صاحب سے بہتر اس کیس میں اور کون دلائل دے سکتا ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کہ تفتیشی افسر کی رائے کو شواہد کے طور پر نہیں لیا جا سکتا، جے آئی ٹی نے کوئی حقائق بیان نہیں کیے، صرف اکٹھا کی گئی معلومات دیں۔سردار مظفر عباسی نے کہا کہ واجد ضیا ء نے یہ ڈاکومنٹس خود دیکھے اور اس پر اپنی رائے کا اظہار کیا، میں ڈاکومنٹس سے دکھائوں گا کہ یہ پراپرٹیز 1999 میں خریدی گئیں۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ ان پراپرٹیز کی خریداری کیلئے کتنی رقم ادا کی گئی؟ آپ اس متعلق ڈاکومنٹ دکھائیں، زبانی بات نہ کریں، کل کو یہ ساری چیزیں ججمنٹ میں آنی ہیں۔جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آف شور کمپنیوں نے اپارٹمنٹ کتنی قیمت میں خریدا؟ اپیل میں کام آسان ہوتا ہے کہ جو چیزیں ریکارڈ پر موجود ہیں انہی کو دیکھنا ہے۔

سردار مظفرعباسی نے کہا کہ حسن اور حسین نواز نے سپریم کورٹ میں ایک متفرق درخواست دی، 26 جنوری 2017 کو یہ درخواست دی گئی تھی، طارق شفیع کا بیان حلفی ریکارڈ پر رکھا گیا تھا، بیان حلفی میں گلف اسٹیل ملز کی فروخت کا بتایا گیا۔ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہا کہ سپریم کورٹ نے واضح سوال اٹھایا تھا گلف اسٹیل مل بنی کیسے؟

طارق شفیع یہ دکھانے میں ناکام رہے تھے کہ وہ بزنس پارٹنر تھے، جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ پراسیکیوشن زبانی بیانات کے علاوہ کیا دستاویزات سامنے لائی ہے؟ نواز شریف کا اس کیس کے حوالے سے موقف کیا ہے؟۔جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ نواز شریف کا موقف تھا کہ ان کا اس پراپرٹی سے تعلق نہیں، عدالت نے ریمارکس دئیے کہ جب نواز شریف کہتا ہے ان کا تعلق نہیں تو پھر آپ نے ریکارڈ سے ثابت کرنا ہے ۔

آپ متضاد بات کر رہے ہیں گزشتہ سماعت پر نیب پراسیکوٹر نے کہا تھا پراپرٹیز خریدنے میں مریم کا کوئی کردار نہیں ،اگر سپریم کورٹ میں سی ایم اے فائل نا ہوتی تو آپ کا کیس تو کچھ نہیں تھا۔اس دوران سردار مظفر نے واجد ضیا ء کا بیان عدالت میں پڑھ کر سنا دیا ، جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ واجد ضیاء کا کردار تو جے آئی ٹی میں تفتیشی کا تھا ۔

واجد ضیاء نے تو بیان میں ساری اپنی رائے دی ہے، میں نے کبھی کسی تفتیشی کا ایسا بیان نہیں دیکھا۔سردار مظفر عباسی نے کہا کہ واجد ضیا ء عدالت میں بطور تفتیشی نہیں بطور نیب گواہ آئے تھے، جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں قیمت کا تعین لازم ہے، سردار مظفر نے کہا کہ سپریم کورٹ میں حسن اور حسین نے متفرق درخواستیں دائر کیں۔

جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ نیب کے مطابق حسین نواز اور مریم کا کردار تو پراپرٹیز کی خرید سے ہے ہی نہیں، حسن اور حسین نواز کا تو پراپرٹی کی ملکیت سے تو کوئی تعلق نہیں، عثمان صاحب نے واضح کہا تھا کہ مریم نواز کا 1993 میں پراپرٹیز سے کوئی تعلق نہیں تھا۔جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ اب آپ کہہ رہے ہیں کہ مریم نواز کا تعلق شروع سے ہی موجود تھا۔

پہلے خود کو تو واضح کر لیں پھر عدالت کو بتائیں۔سردار مظفر نے کہا کہ میں تین جملوں میں نیب کا سارا کیس عدالت کو بتا دیتا ہوں، نواز شریف نے پبلک آفس ہولڈر ہوتے ہوئے مریم نواز کے نام پر لندن پراپرٹیز خریدیں، جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ جو چار جملے آپ نے بتائے ہیں یہی شواہد سے ثابت کر دیں، بات ختم، جو متفرق درخواستیں دائر ہوئیں اس کے علاوہ نیب کے پاس کوئی کیس نہیں۔

جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ واجد ضیا ء کو پتہ چل گیا تھا کہ پراپرٹیز کی مالیت 5 ملین ڈالر تھی تو تفصیل لی جا سکتی تھی، پراپرٹیز کی تفصیلات لینا بالکل بھی مشکل نہیں تھا، پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر نے کہا کہ پراپرٹیز کی مالیت کا تعین متعلقہ نہیں تھا۔جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ یہ آپ بالکل غلط کہہ رہے ہیں کہ مالیت کا تعین غیرمتعلقہ تھا، اس دوران نیب پراسیکیوٹر نے نیلسن اور نیسکول کمپنیز کی رجسٹریشن کی دستاویزات دکھا دیں جس پر جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا یہ تصدیق شدہ دستاویزات ہیں؟

مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ یہ تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ کی کاپی ہے ۔جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ یہ تو تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ پراپرٹیز کمپنیز کی ملکیت ہیں، نواز شریف نے اگر اپنی پوتے کیلئے پراپرٹیز بنائیں تو اس میں نواز شریف کا تعلق کہاں ہے؟جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ دادا نے سارا کچھ پوتا پوتی کیلئے بنائے تو پھر بھی نواز شریف کہیں موجود نہیں۔

یہ تو کہیں ثابت نہیں ہو رہا کہ باپ نے بیٹے نواز شریف کو پراپرٹیز دیں،نیب نے عدالت کو وہ ٹائٹل ڈاکومنٹ دکھانا ہے، وہ دکھا دیں۔جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کہ کیس تقریباً مکمل ہو چکا ہے، نیب نے بس وہ چھپا ہوا دستاویز دکھانا ہے، شریف فیملی کا موقف ہے کہ دادا نے پوتے کو پراپرٹیز دیں، واجد ضیا نے انہی کی متفرق درخواست کو اپنی رپورٹ کا حصہ بنا دیا۔

تفتیشی نے انکے اس موقف کو غلط ثابت کرنا تھا۔جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ پراسیکیوشن نے یہ ثابت کرنا تھا کہ اصل ملکیت نواز شریف کی ہے،تفتیشی ایجنسی نے تفتیش کر کے حقائق سامنے لانے تھے، وہ دستاویزات دکھا دیں کہ جن سے پراپرٹی ٹریل یہ ہیں وہ ذرائع غلط ثابت ہو۔جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ یہ کیس تو 2006سے شروع ہوتا ہے آپ پھر 1993پر لے جاتے ہیں۔

شریف فیملی کی ایڈمشن کے مطابق انکے خلاف کیس 2006میں شروع ہوتا ہے، اگر انکی اپنی ایڈمشن نہ ہوتی تو پھر تو انکے خلاف کوئی کیس تھا ہی نہیں، 1993میں شریف فیملیز کا پراپرٹیز کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا۔جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ مریم نواز کو بینیفشل اونر لکھنا ایک رائے ہے کوئی شواہد موجود نہیں، نیب نے جو کیس بنایا ہے وہ تو مریم نواز کے خلاف ہے نواز شریف کے خلاف نہیں۔

اگر مریم نواز کے خلاف کیس ہو بھی تو وہ پبلک آفس ہولڈر نہیں یہ کیس کیسے بنتا ہے؟ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر نے کہا کہ مریم نواز نے نواز شریف کی اعانت کی، جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ شواہد سے بتا دیں کہ نواز شریف کا تعلق کیسے ثابت ہوتا ہے؟ باتوں سے تو نہیں ہو گا، براہ کرم کوئی شواہد دکھا دیں، بار بار یہی کہہ رہے ہیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ پراپرٹیز کی اصل ملکیت تو کمپنیز کی ہے، یہ بات تو واضح ہو گئی، اب کمپنیز کا نواز شریف یا مریم نواز سے تعلق دکھا دیں، تو آپ کہتے ہیں دونوں کمپنیز کی بینیفشل اونر مریم نواز ہے؟ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ تو پھر نواز شریف کہاں ہے، کہیں نہیں؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے جواب دیا کہ نہیں۔

جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ نہیں، مطلب کیس ختم؟ یہ بات درست ہے کہ نیلسن اور نیسکول نے پراپرٹیز خریدیں، نیلسن اور نیسکول نے قطری فیملی کیلئے پراپرٹیز خریدی تھیں۔جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ کوئی ایسا دستاویز ہے جو یہ واضح کرے کہ مریم کا ان پراپرٹیز سے تعلق کب شروع ہوا؟ 2006 سے 2012 کے درمیان پراپرٹیز ان کمپنیز ملکیت تھیں یا نہیں۔

یہ کیسے پتہ چلے۔جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کیا آج کی تاریخ میں اس خط کی بنیاد پر مریم نواز ان پراپرٹیز کی بینیفشل اونر ہیں؟ پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر نے کہا کہ جی، آج بھی ہیں، کیسے مالک ہیں کوئی دستاویز دکھا دیں، یہ بھی بینفشل اونر کی بات ہو رہی ہے قانونی مالک کی نہیں۔سردار مظفر نے کہا کہ 2017میں بی وی آئی ایف آئی اے کی دستاویز کے مطابق وہ اب بھی بینفشل اونر ہیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ نیب لندن سے آئے دو دستاویزات کو شواہد کے طور پر پیش کر رہا ہے، اس ڈاکومنٹ پر تو دعوی ڈگری نہیں ہوتا، کرمنل کیس کیسے بن سکتا ہے؟سردار مظفر عباسی نے کہا کہ نیب کا کیس مختلف ہے، ہم شریف فیملی کے موقف کو درست تسلیم نہیں کرتے، جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ نیب کا کیس پھر صرف دو لیٹرز پر ہے جو وہاں سے آئے۔

ان لیٹرز کے ذریعے نواز شریف کا تعلق کہیں دکھا دیں۔جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کہ اگر مرکزی کیس ثابت ہو گا تو پھر نیب کا تعلق آئے گا۔جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ اگر نواز شریف کا تعلق نہیں تو پھر مریم نواز کے خلاف نیب کا کیس نہیں بنتا، سردار مظفر نے کہا کہ مریم نواز، نواز شریف کی پراپرٹیز کی بے نامی مالک تھیں۔جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ بے نامی پر نہ جائیں، اس میں پھر آپ خود پھنس جائیں گے۔

نیب اپنا کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے، شریف فیملی کے تسلیم کرنے کے باوجود نواز شریف کا کوئی تعلق نہیں ہے۔جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ نیب ان دستاویزات کی بنیاد پر سارا کیس مریم نواز پر بنا رہا ہے، نیب کے سارے کیس میں نواز شریف کا کہیں نہیں آ رہا،جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ بیٹی کے نام پر ہونے کا مطلب لازم نہیں کہ وہ باپ کی ہی ملکیت ہو۔سردار مظفر نے کہا کہ شریف فیملی نے خود بھی اپنے دفاع میں کوئی دستاویز پیش نہیں کی۔

جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دئیے کہ وہ کیوں دستاویزات پیش کرتے، انکا تو کام ہی نہیں تھا، نیب نے ثابت کرنا تھا۔جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ انہیں تو خاموشی سے کھڑے رہنا چاہیے تھا بالکل کچھ بولنا ہی نہیں چاہیے تھا۔ جسٹس عامرفاروق نے کہا کہ یہ اگر روسٹرم پر کھڑے ہو کر کہیں کہ پراپرٹیز ہماری ہیں پھر بھی پراسیکیوشن نے ثابت کرنا ہے۔

نیب کا کیس شاید ٹھیک ہو لیکن نیب ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے۔جسٹس عامرفاروق نے استفسار کیا کہ کیا ٹرسٹ ڈیڈ کی بنیاد پر بھی سزا ہوئی تھی؟ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ٹرسٹ ڈیڈ کی گواہی پر سزا دی گئی، مان لیتے ہیں کہ یہ جعلی دستاویز ہے تاہم ساری پارٹیز مان رہی ہیں، ہو سکتا ہے دستاویز غلط ہو، بعد میں تیار ہوا ہو۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ گواہ نے یہ شہادت دینی ہوتی ہے کہ یہ دستخط اسی بندے کے ہیں ، کپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بطور گواہ سزا ہو سکتی ہے؟جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ٹرسٹ ڈیڈ کی بنیاد پر سزا دی گئی کیا اصل ٹرسٹ ڈیڈ موجود ہے؟ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کیا نواز شریف، مریم نواز یا کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کبھی گرفتار ہوئے؟

جس پر پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر نے جواب دیا کہ نہیں تینوں میں سے کوئی گرفتار نہیں ہوئے۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے مریم نواز کی بریت کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا کچھ دیر بعد جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے فیصلہ سنایا اس دوران مریم نواز کو روسٹرم پر بلایا ۔عدالت نے احتساب عدالت کی جانب سے سنائے گئے فیصلے کو کالعدم قرار دیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر کی چار سال کے بعد اپیلیں منظور کرتے ہوئے انہیں بری کرنے کا حکم یا اور انہیں سنائی گئی 7 سال کی سزا کالعدم قرار دیدی، اس کے ساتھ ہی ان کی نااہلی بھی ختم ہوگئی۔احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کو 7 سال، 20 لاکھ پانڈ جرمانے کے علاوہ ان کے شوہر کیپٹن (ر)صفدر کو ایک سال کی سزا سنائی تھی۔

خیال رہے کہ 6جولائی 2018 کو شریف خاندان کے خلاف قومی احتساب بیورو(نیب)کی جانب سے دائر ایون فیلڈ ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کو 10 سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 سال جبکہ داماد کیپٹن (ر)محمد صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف پر 80 لاکھ پانڈ اور مریم نواز پر 20 لاکھ پانڈ جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

اس کے علاوہ عدالت نے شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے لندن میں قائم ایون پراپرٹی ضبط کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مسلم لگ(ن)کے رہنماں کو یہ سزائیں عام انتخابات سے صرف 19 دن قبل سنائی گئی تھیں۔نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر نے اس فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور 19 ستمبر 2018 کو ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کی جانب سے سزا دینے کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

اس فیصلے کے ایک ماہ بعد 22 اکتوبر 2018 کو نیب نے نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کی رہائی کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا تاہم عدالت عظمی نے ایون فیلڈ ریفرنس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ملزمان کی سزا معطلی کے خلاف قومی احتساب بیورو(نیب)کی اپیل خارج کردی تھی۔یاد رہے کہ گزشتہ سال 6 اکتوبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز کی ریفرنس کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی درخواست سے اعتراضات ختم کرکے سماعت کے لیے مقرر کردی تھی۔

موضوعات:



کالم



طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے


وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…

شیطان کے ایجنٹ

’’شادی کے 32 سال بعد ہم میاں بیوی کا پہلا جھگڑا…