اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )ملک بھر میں بجلی کے غیر معمولی زيادہ بل آنے پر مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے جس میں مہنگائی سے تنگ عوام اپنے دل کی بھڑاس حکمرانوں پر نکال رہے ہیں۔جیو نیوز کے مطابق اسی حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک شخص کی ویڈیو منظرِ عام پر آئی ہے
جو وزیر اعظم شہباز شریف کو میڈیا کے ذریعے اپنا بل دکھا رہا ہے اور انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے۔شہری بل دکھاتے ہوئے کہتا ہے کہ ‘ہماری 20 ہزار تنخواہ ہے، کیا ہم نے کارخانے یا فیکٹریاں کھولی ہوئی ہیں؟ کارخانے اور فیکٹریاں تو تمہارے ہیں ‘۔آہ و بکا کرتے شخص نے کہا ‘ہم غریبوں کے گھروں میں صرف 2,2 پنکھے چلتے ہیں، جس کا بل 36 ہزار روپے آیا ہے، اس کے بارے میں سوچو شہباز شریف، اپنی فیکٹریوں کے بارے میں مت سوچو۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسمنٹ کے خلاف درخواستوں پر فیول ایڈجسمنٹ کا ٹیکس منہا کر کے بجلی کے بلوں کی باقی رقم جمع کروانے کا حکم دے دیا۔نجی ٹی وی ٹوئنٹی فور نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسمنٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ درخواستگزار نے موقف اپنایا کہ وفاقی حکومت نے بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسمنٹ کی منظوری دی، بلوں میں فیول ایڈجسمنٹ کی منظوری سے بجلی مزید مہنگی ہوگئی۔ درخواستگزار نے موقف اپنایا کہ بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسمنٹ قانونی تقاضوں کے مطابق نہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسمنٹ کا اقدام کالعدم قرار دے، کیس کے حتمی فیصلے تک فیول ایڈجسمنٹ کی رقم بجلی کے بلوں سے منہا کرنے کا حکم دیا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت، ایف بی آر اور لیسکو سمیت دیگرز فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے 14 ستمبر کو اسی نوعیت کی تمام درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت کے لئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔