لاہور ٗ کراچی( این این آئی)سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت عوام پر 94 ارب 40 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری کرلی گئی۔نیپرا میں ایڈجسٹمنٹ کی مد میں وصولیوں کی درخواست جمع کرادی گئی ہے، کیپسٹی چارجز، ترسیلی اخراجات، مارکیٹ آپریٹر فیس اور نقصانات کی مد میں
درخواست جمع کرائی گئی ہے۔درخواست اپریل تا جون 2022 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کی گئی ، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست پر نیپرا 6 ستمبر کو سماعت کرے گا۔آئیسکو نے 8 ارب 73 کروڑ، لیسکو نے 17 ارب 81 کروڑ روپے وصولی کی درخواست دی جبکہ گیپکو نے 9 ارب 25 کروڑ اور فیسکو نے 11 ارب 62 کروڑ سے زائد کی ایڈجسٹمنٹ مانگی ہیں۔میپکو نے 19 ارب 53 کروڑ ، پیسکو کی 12 ارب 27 کروڑ روپے ، حیسکو 5 ارب 30 کروڑ ، ٹیسکو نے 3 ارب70 کروڑ روپے ، کیسکو نے 3 ارب 16 کروڑ اور سیپکو نے 2 ارب 99 کروڑ روپے سے زائد وصولی کی درخواست کی ہے۔دوسری جانب کے الیکٹرک نے ایک بارپھر فی یونٹ بجلی 14 روپے 53 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست دائر کردی۔تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے سہ ماہی اور ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی الگ الگ درخواستیں دائر کردی گئی ہیں۔کراچی کیلئے بجلی 14 روپے 53 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں دائر کی گئی ، جس میں اضافہ اپریل تا جون 2022 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔کے الیکٹرک نے جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست بھی دائر کی، ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 3روپے 47 پیسے سستی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں 6 ارب 25 کروڑ روپے ریلیف کی درخواست کی ہے، نیپرا کے الیکٹرک کی دونوں درخواستوں پر 31 اگست کو سماعت کرے گایاد رہے رواں ماہ نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 11روپے 10 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا تھا۔