اسلام آباد (نیوز ڈیسک) تھرپارکر کے انڈر گراﺅنڈ کول گیسی فکیشن پروجیکٹ سے بجلی کی پیداواری لاگت میں مزید 20فیصد کمی کے انتظامات کر لئے گئے ہیں۔ اس کیلئے نئی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے ذریعے پروجیکٹ کی استعداد کار 34فیصد سے بڑھ کر 51فیصد ہو جائیگی۔ اسکے نتیجے میں پروجیکٹ سے بجلی کی پیداواری لاگت میں تقریباً 20فیصد مزید کمی آ جائیگی۔ یہ بات تھرپارکر انڈرگراﺅنڈ گیسی فکیشن پروجیکٹ کے چیئرمین ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے قومی اخبار کو ایک خصوصی ملاقات کے دوران بتائی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اس وقت پاکستان میں بجلی کی اوسط پیداواری لاگت 18روپے سے 20روپے فی یونٹ ہے جبکہ تھرپارکر کول انڈرگراﺅنڈ گیسی فکیشن پروجیکٹ میں تیار ہونیوالی بجلی کی پیداواری لاگت 7روپے فی یونٹ سے بھی کم ہو گی۔ جنگ رپورٹر حنیف خالد کے مطابق رواں سال کے اختتام تک اس پروجیکٹ سے بجلی کی پیداوار 25میگاواٹ تک پہنچ جائے گی۔ وفاقی بجٹ میں رواں سال کیلئے مختص کئے گئے فنڈز کے ذریعے یہ ہدف حاصل کر لیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ تیل یا کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے پاور پلانٹ کی ابتدائی لاگت تقریباً 20کروڑ روپے فی میگاواٹ سے بھی زیادہ ہے جبکہ انڈرگراﺅنڈ گیسی فکیشن پروجیکٹ کی ابتدائی لاگت فی میگاواٹ صرف 12کروڑ روپے آتی ہے۔ ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ جو بجلی انڈرگراﺅنڈ گیسی فکیشن پروجیکٹ سے بن رہی ہے وہ ہمارا تھر کا کوئلہ استعمال ہونے کے ساتھ ساتھ ماحولیات میں بھی آلودگی نہیں پھیلاتی۔ یہ انوائرمنٹل فرینڈلی ہے جبکہ کوئلہ یا فرنس آئل سے چلنے والے پاور پلانٹ ماحول کو بری طرح آلودہ کرتے ہیں۔ تھر کے کوئلے سے انڈر گراﺅنڈ گیسی فکیشن پروجیکٹ سے لامحدود بجلی پیدا کرنے کی مزید گنجائش ہے۔ اس پروجیکٹ کی کامیابی کے بعد حکومت کو چاہئے کہ انڈر گراﺅنڈ گیسی فکیشن پروجیکٹ میں زیادہ سے زیادہ فنڈز لگا کر عوام کو 20روپے یونٹ کی بجائے چھ سات روپے یونٹ لاگت کی بجلی فراہم کرے۔ اس سے انڈسٹری کی پیداواری لاگت بیحد کم ہو گی اور صارفین کو جب ایک تہائی قیمت پر بھی ملنے لگے گی تو مہنگی بجلی کی وجہ سے پریشان حاصل قوم آسودگی محسوس کریگی۔ ا±ن سے پوچھا گیا کہ ایک سو میگاواٹ کا پاور پلانٹ آج کل کتنی لاگت سے بن سکتا ہے تو انہوں نے بتایا کہ سو میگاواٹ کوئلے فرنس آئل سے بجلی پیدا کرنے والا پاور پلانٹ آج 20ارب روپے کے لگ بھگ تیار ہو رہا ہے جبکہ 100میگاواٹ بجلی انڈر گراﺅنڈ گیسی فکیشن پلانٹ صرف 12ارب روپے میں ہم لگا کر دے سکتے ہیں۔ اس بجلی کی قیمت ایک تہائی ہو جائیگی۔ وزیراعظم نواز شریف محب وطن وزیراعظم سے قوم بجا طور پر توقع کر سکتی ہے کہ وہ قوم کیلئے اٹھارہ بیس روپے فی یونٹ والے ڈیزل‘ فزنس آئل کوئلے کے پلانٹ لگانے کی بجائے چھ سات روپے فی یونٹ بجلی انڈرگراﺅنڈ گیسی فکیشن پلانٹ لگانے کی حوصلہ افزائی کریں۔ ملک کے معروف ایٹمی سائینسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کہا کہ تھرپارکر میں پلاننگ کمیشن آف پاکستان اور حکومت سندھ کے اشتراک عمل سے انڈر گراﺅنڈ گیسی فکیشن پروجیکٹ کی بے مثال کامیابی کی تصدیق ہوتے ہی جنوبی افریقہ‘ چین اور جنوبی کوریا نے انڈر گراﺅنڈ گیسی فکیشن ٹیکنالوجی پاکستان سے حاصل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔