نیویارک (این این آئی)ٹینس اسٹار سرینا ولیمز نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ووگ میگزین کے لیے ایک کالم تحریر کرتے ہوئے ٹینس اسٹار نے اعلان کیا کہ وہ اس سال کے یو ایس اوپن کے بعد ریٹائر ہوجائیں گی۔انہوں نے کالم میں لکھا کہ میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ ٹینس چھوڑ کر میں اپنے لیے زیادہ ضروری چیزوں کی جانب بڑھنا چاہتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس بات کا تصور کرنا ہی میرے لیے بہت مشکل تھا،
میں کھیل کو چھوڑنا نہیں چاہتی تھی مگر میں اب اپنے خاندان اور کاروبار پر توجہ مرکوز کرنا چاہتی ہوں۔انہوں نے بتایا کہ وہ فوری طور پر ریٹائر نہیں ہورہی بلکہ اگست میں شیڈول یو ایس اوپن کھیلنے کے لیے پرامید ہیں جبکہ وہ اگلے ہفتے ویسٹرن اینڈ سدرن اوپن کا بھی حصہ بننا چاہتی ہیں۔سرینا ولیمز اب اپنے شوہر اور 5 سالہ بیٹی کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتی ہیں، جبکہ ایک اور بچے کی خواہشمند بھی ہیں۔40 سالہ سرینا ولیمز نے اپنے کیرئیر کے دوران 23 گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتے اور مارگریٹ کورٹ کے آل ٹائم 24 گرینڈ سلیم ٹائٹل کے ریکارڈ سے ایک قدم دور ہیں مگر انہوں نے 2017 کے آسٹریلین اوپن کے بعد کوئی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ نہیں جیتا۔انہوں نے کہا کہ یہ جھوٹ ہوگا اگر میں یہ کہوں کہ میں یہ ریکارڈ برابر کرنا نہیں چاہتی، یقیناً میں ایسا چاہتی ہوں، مگر مجھے اب اس کی فکر نہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان اس وقت کیا جب 8 اگست کو ویمنز نیشنل بینک اوپن میںNuria Parrizas کو شکست دے کر 430 دن کے بعد پہلی کامیابی حاصل کی۔اس سے قبل 2022 کے ومبلڈن ٹورنامنٹ میں انہیں پہلے راؤنڈ میں ناکامی کا سامنا ہوا تھا۔اسی طرح 2021 کے ومبلڈن ٹورنامنٹ کے دوران پہلے میچ میں انجری کے باعث دستبردار ہونا پڑا اور پھر ایک سال تک ٹینس کی دنیا سے دور رہیں۔سرینا ولیمز نے کیرئیر کے دوران ومبلڈن کو 7 بار، آسٹریلین اوپن کو 7 بار، یو ایس اوپن کو 6 بار جیتا جبکہ 2012 کے اولمپک میں گولڈ میڈل بھی اپنے نام کیا۔