کراچی اسلا م آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کراچی سے دہشتگردوں ، جرائم پیشہ عناصر اور مافیاز کے خاتمے کیلئے بلا امتیاز آپریشن جاری رکھنے اورجرائم پیشہ عناصر کے باہمی گٹھ جوڑ ختم کر کے شہر کو دہشتگردی جرائم پیشہ مافیاز ، تشدد اور کرپشن سے پاک کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ دہشت گردوں کے زیر التواءمقدمات جلد نمٹانے کیلئے کراچی میں فوجی عدالتوں کی تعداد بڑھانے کی منظوری بھی دی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کو چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کو کراچی میںہونیوالے اعلی سطح کے اجلاس میں سیکیورٹی کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس کی صدارت آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کی جبکہ کور کمانڈر کراچی ، ڈی جی آئی ایس پی آر، ڈی جی رینجرز، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، کمشنر اور انٹلیجنس ایجنسیوں کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ بریفنگ کے دوران آرمی چیف کو بتایا گیا کہ آپریشنز کے نتیجے میں کراچی میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ جنرل راحیل شریف نے کراچی کی سیکیورٹی صورتحال بہتر بنانے پر رینجرز، پولیس اور انٹلیجنس ایجنسیوں کی کارکردگی خاص طور پر کراچی کے عوام کی حمایت کو سراہا۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ کراچی سے دہشتگردوں ، جرائم پیشہ عناصر اور مختلف قسم کے مافیاز کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری رکھے جائیں ۔ جنرل راحیل شریف نے ہدایت کی کہ کراچی کو پر امن اور ہر طرح کے خوف سے پاک شہر بنانے کیلئے جرائم پیشہ عناصر کے باہمی گٹھ جوڑ ختم کئے جائیں اور شہر کو دہشتگردی جرائم پیشہ مافیاز ، تشدد اور کرپشن سے پاک کیا جائے ۔پاک فوج کے سربراہ نے کراچی میں فوجی عدالتوں کی تعداد بڑھانے کی بھی منظوری دی تاکہ دہشتگردوں کے زیر التوا مقدمات جلد نمٹائے جا سکیں۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی پولیس کی استعداد کار کے فروغ کیلئے ان کی مکمل تربیت کے علاوہ چھ کروڑ پچاس لاکھ روپے مالیت کے آلات بھی ان کے حوالے کئے گئے ہیں