وانا(آن لائن)جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 3 اہلکار شہید ہوگئے ،سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں قائم سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر ایک درجن سے زائد دہشت گردوں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 3 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے ،سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی اور کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا تاہم کارروائی کے بعد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور بڑے پیمانے پر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا تاہم آخری اطلاع ملنے تک کسی دہشت گرد کے گرفتار ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ،رپورٹ کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں کی میتوں کو پشاور منتقل کر دیا گیا ہے جنہیں بعد ازاں میتوں کو آبائی علاقوں کیلئے روانہ کر دی جائیں گی اور پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائیگا پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی شناخت جعفر حسین، محمد علی اور ارسلان خان کے نام سے ہوئی ہے۔