اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیراعظم کا قومی صحت انشورنس پروگرام دسمبر میں شروع کیاجائیگا جس کے پہلے مرحلے کیلئے قومی اقتصادی کمیٹی کی انتظامی کمیٹی نے9.1ارب روپے کی منظوری دیدی ہے جبکہ وزیراعظم نے کہاہے کہ ہیلتھ انشورنس پاکستان کے غریب عوام کاحق ہے متعلقہ حکام اس مقصد کیلئے جدید ترین انشورنس سسٹم تیار کریں تاکہ غریب لوگ کسی مشکل کے بغیر علاج معالجے کی سہولت فراہم کرسکیں۔وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت پیرکو یہاں ہونیوالے ایک اجلاس میں ہیلتھ انشورنس پروگرام میں پیش رفت کاجائزہ لیاگیا وزیرمملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ نے وزیراعظم کو بریفنگ دی اور بتایا کہ کم آمدنی والے غریب لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے یہ سکیم تیار کی گئی ہے جس کے تحت مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں تمام صوبوں کے 23 اضلاع میں انتہائی غریب لوگوں کو یہ سہولت فراہم کی جائے گی اور اس کے بعد ملک بھرمیں یہ سکیم چلائی جائے گی پہلے مرحلے میں اس سے ایک کروڑ سے زائد لوگ مستفید ہونگے اور اس سکیم کے تحت سرکاری ونجی ہسپتالوں سے مفت علاج کی سہولت فراہم ہوگی جن بیماریوں کے علاج کی سہولت اس سکیم کے ذریعے فراہم کی جائے ان میں سات بڑی بیماریاں عارضہ قلب ،زیابیطس، ایمرجنسی اورٹراما، ٹریفک حادثات اوردیگرامراض شامل ہیں۔ اجلاس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار،وزیرمملکت انوشہ رحمان، مریم نواز اورچیئرمین نادرا شریک ہوئے۔