لندن (نیوزڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے آج حق پرست رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل کو فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت یابی کےلئے دعا کی۔ الطاف حسین، رشید گوڈیل سے گفتگو کرتے ہوئے انتہائی جذباتی اور آبدیدہ ہوگئے اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد سے جلد صحت یاب کرے ۔ رشید گوڈیل تکلیف کے باعث بامشکل الفاظ ادا کر پا رہے تھے مگر اس کے باجود انہوں نے الطاف حسین سے گفتگوکی ۔انہوںنے الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے کروڑوں چاہنے والوں کی دعاﺅں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ الطاف حسین نے رشیدگوڈیل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر نہ صرف میں غمزدہ تھابلکہ ایم کیوایم کے کارکنان سمیت پوری قوم دکھی تھی اورسب نے آپ کی صحت یابی کےلئے شب و روز اللہ کے حضوردعائیں کیں۔ بالآخر اللہ تعالیٰ نے کروڑوں چاہنے والوں کی دعا سن کر آپ کو دوسری زندگی عطا کی جس پر نہ صرف میں بلکہ پوری قوم اور چاہنے والے خدائے بزرگ و برتر کے شکر گزار ہیں ۔ اس موقع پر الطاف حسین نے رشید گوڈیل کے صاحبزادے سے بھی گفتگو کی، ان سے ہمدردی کااظہارکیااور انہیں تلقین کی کہ وہ اپنے والد کا خیال رکھیں اور خدا تعالیٰ کا شکر بجا لائیں۔