اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اعلامیے کے مطابق کابینہ نے کراچی آپریشن ہر قیمت پر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ ایل او سی پر بھارتی جارحیت کا معاملہ بھی عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت نے مسلح جتھوں کے خلاف کارروائیوں کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ دہشتگردوں کے رد عمل کی پرواہ نہیں منفی اورشرپسند عناصر کی کارروائیاں ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ فوج دہشتگردی کیخلاف کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ آرمی چیف خود بھی اگلے مورچوں پر پہنچ جاتے ہیں۔ ایئر چیف بھی کارروائیوں میں حصہ لے چکے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی آپریشن پورے عزم سے شروع کیا گیا تھا جس میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ کراچی میں کارروائیاں جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہیں چاہے ان کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو آپریشن کا سب سے زیادہ فائدہ ایم کیو ایم کو ہوگا۔