کولمبو(این این آئی)سری لنکا میں ایندھن کے غیر معمولی بحران کے سبب ملکی وزارت تعلیم نے پیر سے ایک ہفتے کے لیے تمام سرکاری اور پرائیوٹ اسکولوں میں چھٹیوں کا اعلان کردیا ۔
میڈیارپورٹس کے مطابق سری لنکا حکومت نے اس سے پہلے بھی 18جون کو ایک ہفتے کے لیے تمام اسکولوں کو بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
سری لنکا کی وزارت تعلیم نے اعلان کیا کہ طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کولمبو شہر کے حدود، دیگر تمام صوبوں کے اہم شہروں میں واقع تمام اسکولوں کو اگلے ہفتے کے دوران بند رکھا جائے گا
۔سری لنکا کی وزارت تعلیم کے سکریٹری نہال رانا سنگھے نے اسکولوں سے آن لائن کلاسیز کا انتظام کرنے کے لیے کہا اور کہا کہ
ڈویژنل سطح پر ان اسکولوں میں محدود تعداد میں طلبہ کو آنے کی اجازت ہوگی جہاں طلبہ، اساتذہ اور پرنسپلز کے لیے نقل و حمل کی دشواریاں راہ میں حائل نہ ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ سری لنکا کی عوامی سہولیات کمیشن (پی یو سی ایس ایل)ہفتے میں کام کے دنوں میں آن لائن ٹیچنگ میں سہولت کے لیے صبح آٹھ بجے سے دن ایک بجے تک لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے لیے رضامند ہوگئی ہے۔