کراچی(این این آئی)پولیس نے انسداد پولیو مہم کے سینئر منیجر کو خاتون ورکر کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ابراہیم حیدری پولیس کو خاتون پولیو ورکر کی جانب سے شکایت درج کروائی گئی تھی کہ سینئر منیجر الطاف حسین انہیں ہراساں کررہا ہے۔
ایس ایچ او اکرم آرائیں کے مطابق خاتون کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 314/22 بجرم دفعہ 354/504/506 بی کے تحت سینئر منیجر الطاف حسین کے خلاف درج کیا گیا۔
خاتون کی درخواست پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔پولیو ورکرنے بتایاکہ سینئر منیجر الطاف حسین نے اس کی بے حرمتی کی کوشش کی جب کہ
جان سے مارنے کی بھی دھمکی دی۔خاتون ورکرنے پولیس کو بتایا کہ سینئر منیجر خواتین ورکرز سے بدتمیزی کرتا اور ان کی مجبوری سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا تھا۔
متاثرہ پولیوورکرنے بتایاکہ اس سے قبل بھی کئی خواتین کے ساتھ یہی سلوک کرچکا ہے،
اس نے کچھ خواتین کی ویڈیوز بھی بنالی تھیں۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔