ریاض، مکہ مکرمہ (مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی پی) ریاض پولیس نے فرضی حج کمپنیاں چلانے والے متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے۔مذکورہ افراد پرائیویٹ گاڑیوں میں عازمین کو مکہ مکرمہ لے جانے کا جھانسہ دے رہے تھے۔روزنامہ جنگ میں شاہد نعیم کی شائع خبر کے مطابق ریاض
پولیس نے کہاہے کہ گرفتار شدگان دراصل دو گروہ ہیں جنہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ ایک گروہ میں 7 پاکستانی تارکین ہیں۔ یہ لوگ فرضی حج کمپنی چلا رہے تھے نیز پرائیویٹ گاڑیوں میں عازمین کو مکہ لے جانے کا جھانسہ دے رہے تھے۔ دوسرے گروہ میں ایک مصری تارک گرفتار ہوا ہے جبکہ اس کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔ یہ لوگ ریاض شہر میں ایک دفتر کھول کے بیٹھے تھے اور حج پر لے جانے کا دعوی کر رہے تھے حالانکہ ان کے پاس اجازت نامہ نہیں ہےدونوں گروہوں سے تفتیش جاری ہے جبکہ ان کے زیر استعمال تمام گاڑیوں کو ضبط کرلیا گیا ہے۔دوسری جانب ڈائریکٹر حج مکہ ساجد منظور اسدی نے سوشل میڈیا پر منی میں حاجیوں کی مبینہ مشکلات کے حوالے زیر گردش ویڈیو کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی حج 2022 میں 9 دن باقی ہیں اس لئے ہمارے حاجیوں کو منی میں مشکلات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ ہمارے حاجی ابھی وہاں پہنچے ہی نہیں ہیں ۔سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم شبانہ روز حاجیوں کی خدمت کر رہے ہیں ان سے بھی ہمارے حج انتظامات کے بارے میں رائے لی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حج ایک مقدس فریضہ ہے اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غیر مصدقہ خبر کو پھیلانا شرعی اور اخلاقی اصولوں کے بر عکس ہے ۔