لاہور( این این آئی)صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقہ مسلم ٹائون میں معروف کاروباری شخصیت سیٹھ عابد مرحوم کی بیٹی کو گھر میں قتل کر دیا گیا،پولیس نے جائے وقوعہ سے 3 پستول برآمد کرلئے ،پولیس نے قتل کے شبہ میں مقتولہ کے لے پالک بیٹے کو حراست میں لے لیا جبکہ گھریلو ملازمہ کوبھی شامل تفتیش کرلیا گیا ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے
آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ۔ بتایا گیا ہے کہ مرحوم معروف کاروباری شخصیت کی بیٹی فرح مظہر مسلم ٹائون کے علاقے میں رہتی تھیں۔ مقتولہ کا خاوند مظہر امریکہ میں مقیم ہے ،مقتولہ کے 2 بیٹے اور ایک بیٹی ہیں اورتینوں لے پالک ہیں۔مسلم ٹائون کے ایک گھر میں خاتون کے قتل کی اطلاع پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور فرانزک ماہرین کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے جائے وقوعہ سے تین پستول برآمد کر کے ایک لے پاک بیٹے کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ ایک گھریلو ملازمہ کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے ۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کامران عادل نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ،ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹائون رضوان طارق،ایس پی آپریشنز ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے بریفنگ دی۔کامران عادل نے شواہد کا جائزہ لیا اورتفتیشی افسران کو ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام پہلوئوں پر تحقیقات جاری ہیں ،جلد حقائق سے آگاہ کریں گے۔وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے مسلم ٹائون میں سیٹھ عابد مرحوم کی بیٹی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے، ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے،واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ مقتولہ کے لواحقین کو ہر صورت انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے واقعہ پر دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔