لاہور( این این آئی)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب میں وزیر خزانہ مقرر نہ کیے جائے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اشتہارکی طرز پر طنزیہ بیان جاری کیا ہے۔اشتہار کے متن میںسردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جس نے پنجاب اسمبلی میں
بجٹ پیش کرنا ہے، اس کا نام اب تک فائنل نہیں کیا جا سکا۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ جسے وزیر خزانہ سے متعلق معلومات ہوں وہ پنجاب اسمبلی سے رابطہ کرے۔عثمان بزدار نے تلاش گمشدہ کا اشتہار بھی ٹویٹ کیا۔دوسری جانب سینئر صوبائی وزیر سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ عمران خان کے بچھائے کانٹے اتحادی حکومت کو چننے پڑ رہے ہیں،تمام تر مالی مشکلات کے باوجود اتحادی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کی ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں اضافہ اتحادی حکومت کی عوام دوستی کا ثبوت ہے ،زرعی آلات سمیت بیج اور ٹریکٹر پر ٹیکسز ختم کرکے اتحادی حکومت نے کسانوں کے دل جیت لئے ہیں،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے 364 ارب اور نوجوانوں کے لیے بلا سود قرضہ سکیم احسن اقدامات ہیں۔انہوں نے کہا کہ شدید مالی مشکلات کے باوجود متوسط تنخواہ دار طبقے کو انکم ٹیکس میں رعایت دینا خوش آئند ہے ،سولر پینل کی خریداری کے لیے بینکوں سے آسان اقساط پر قرضے ملنے سے توانائی کے بحران میں کمی واقع ہوگی ۔