اسلام آباد (این این آئی)ملک بھر میں مون سون میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے ،مون سون کا آغاز جون کے آخری ہفتے میں متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور سندھ میں مون سون کی بارشیں معمول سے زیادہ ہونے کی توقع ہے،
مون سون کا پہلا مرحلہ یکم جولائی تا اگست کے وسط تک جاری رہے گا تاہم آخری مرحلے کا دورانیہ اگست کے وسط سے ستمبر کے آخر تک رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جولائی سے ستمبر کے دوران پاکستان میں 140.8 ملی میٹر بارش کا امکان ہے، مون سون کے دوران میدانی علاقوں، دریاؤں اور ندی نالوں میں سیلاب آسکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ معمول سے زیادہ درجہ حرارت سے شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کی شرح میں اضافے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آبپاشی اور بجلی کے شعبوں کیلئے پانی کی وافر دستیابی کا مؤثر اثر پڑے گا۔