اسلام آباد (این این آئی) دفترخارجہ نے پاکستان کے کسی بھی وفدکے دورہ اسرائیل کی تردیدکرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کے کسی وفدکے دورہ اسرائیل کا تصور واضح مسترد کرتے ہیں، زیربحث دورے کا اہتمام غیر ملکی این جی او نے کیا تھا جو پاکستان میں مقیم نہیں،
مسئلہ فلسطین پرپاکستان کامؤقف واضح اور غیر مبہم ہے،خطے میں دیرپا امن کیلئے آزاد، قابل عمل فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔ اتوار کو ایک بیان میں ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ پاکستان کے کسی وفدکے دورہ اسرائیل کا تصور واضح مسترد کرتے ہیں، زیربحث دورے کا اہتمام غیر ملکی این جی او نے کیا تھا جو پاکستان میں مقیم نہیں۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ مسئلہ فلسطین پرپاکستان کامؤقف واضح اور غیر مبہم ہے، پاکستان فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کی مستقل حمایت کرتا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ خطے میں دیرپا امن کیلئے آزاد، قابل عمل فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے، ہماری پالیسی میں ایسی کوئی تبدیلی نہیں آئی جس پرمکمل قومی اتفاق رائے ہو۔خیال رہے کہ اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ نے عالمی اقتصادی فورم میں بات چیت کرتے ہوئے بتایا تھا کہ گزشتہ ہفتے ان سے دو وفود نے ملاقات کی جن میں امریکا میں مقیم دو پاکستانی بھی شامل تھے۔اسرائیلی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد سے ان کی ملاقات بے حد خوش آئند رہی۔



















































