کراچی (نیوزڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف ایک روزہ دورے پر آج ( جمعرات ) کو کراچی پہنچیں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اپنے دورے میں کراچی ایٹمی بجلی گھر ( کینپ ) کے پروگرام میں شرکت کریں گے ۔ وزیر اعظم گورنر ہاو ¿س میں امن وامان کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے ۔ اجلاس میں کراچی میں امن وامان کی صورت حال ، دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن اور دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا ۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ وزیر اعظم کو کراچی آپریشن پر بریفنگ دیں گے ۔ اجلاس میں ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کے بعد ابتدائی تحقیقات سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا جائے گا ۔ وزیر اعظم کراچی آپریشن کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی کی منظوری بھی دیں گے ۔ وزیر اعظم پارسی کمیونٹی سے بھی خطاب کریں گے ۔