کراچی(این این آئی)سندھ ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی وکلا کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے متعلق بولنے کی کوشش پرخاموش کرادیا،ریماکس دیئے کہ ہمیں اسلام آباد ہائیکورٹ کا مت بتائیں یہ سندھ ہائی کورٹ ہے۔ بدھ کوسندھ ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی آزادی مارچ اور
رہنمائوں کے گھروں پر چھاپوں سے متعلق 2درخواستوں کی سماعت ہوئی۔درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ہماری استدعا ہے گرفتاری، چھاپوں سے روکا جائے۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ نوٹس کردیئے ہیں۔ وکلا نے موقف دیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس نوعیت کے کیسز میں سماعت کے الگ پروسیجر طے کیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ سندھ ہائیکورٹ ہے وکیل صاحب۔ پی ٹی آئی وکلا کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے متعلق بولنے کی کوشش پرجسٹس آغا فیصل نے پی ٹی آئی وکلا کو خاموش کرادیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں اسلام آباد ہائیکورٹ کا مت بتائیں۔ وکلا نے موقف دیا کہ ہمارے ایم این ایز، ایم پی ایز کو پکڑا جا رہا ہے۔ ہمارے دو ممبران لاپتہ ہیں۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ یہ آپ نے لاپتہ افراد کی درخواست لگا دی۔ وکلا نے موقف دیا کہ ہمارے رہنمائوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی رہنمائوں کے گھر پر رات بھر چھاپے مارے گئے۔ چھاپوں کا مقصد آزادی مارچ میں شرکت سے روکنا ہے۔