ریاض (این این آئی)سعودی عرب میں وزارت تجارت نے ایک تکنیکی نقص کے سبب 2945 مرسڈیز گاڑیاں مارکیٹ سے واپس طلب کر لی ہیں۔ اس نقص کے سبب گاڑی میں سوار افراد کے زخمی ہونے کا اندیشہ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزارت نے
ٹویٹر پر اپنے سرکاری اکائونٹ پر واضح کیا کہ واپس طلب کی جانے والی گاڑیوں میں 676 مرسڈیز سی کلاس،ای کلاس گاڑیاں شامل ہیں۔ ان کے ماڈل 2011 سے 2016 کے درمیان ہیں۔ ان گاڑیوں میں مسافر کی جانب ائیربیک انفلیٹرمیں ایک نقص کے نتیجے میں اس کے ساتھ دھات کے ٹکڑے بھی باہر آ سکتے ہیں۔ اس طرح حادثے کی صورت میں زخمی ہونے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔اسی طرح وزارت نے 2269 مرسڈیزایم ایل کلاس،جی کلاس،آرکلاس گاڑیاں بھی واپس طلب کی ہیں۔ ان گاڑیوں کے ماڈل 2005 سے 2013 کے درمیان ہیں۔ ان گاڑیوں میں وقت کے ساتھ بریک بوسٹر کے گل جانے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں بریک کی کارکردگی کم ہو سکتی ہے یا بریک فیل بھی ہو سکتا ہے۔ ایسی صورت میں حادثے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔