اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سابق وزیر علی امین گنڈا پوری کی وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف دھمکی آمیز بیان کی ویڈیو وائرل ہوگئی ۔ سابق وزیر علی امین گنڈا پور کی کارکنوں سے خطاب کی ویڈیو سامنے آئی جس میں سابق وزیر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو کہہ رہے ہیں کہ میں آپ کو پیغام دونگا کہ مہر بانی کر کے آپ اپنی اوقات میں رہیں ، اپنی حیثیت میں رہیں میں نے فیصل آباد بھی دیکھا ہے اور آپ کا گھر بھی دیکھا ہے ، میں آپ کو پیغام دے رہاہوں ،اگر ہمارے چیئر مین یا کسی کارکن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا خدا کی قسم وہ حال کرونگا آپ کی نسلیں یاد رکھیں گی ۔سابق وزیر کی گفتگو پر ساتھ کھڑے کارکن تالیاں بجاتے ہیں اور نعرے لگاتے ہیں ۔