اوکاڑہ ٗ لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب میں وزیر اعلیٰ کے نئے الیکشن کی صورت میں حکمران اتحاد گیم نمبرز کے حوالے سے پراعتماد ہے، حمزہ شہباز کو ووٹ دینے والے آزاد ارکان نے دوبارہ ووٹ دینے کی یقین دہانی کر ادی۔روزنامہ جنگ میں وارث حیدری کی خبر کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ سابق صدر
آصف علی زرداری،وزیر اعظم میاں شہباز شریف،مولانا فضل الرحمان،خالد مقبول صدیقی،خالد مگسی سمیت حکمران اتحاد کے دیگر قائدین کی ملاقات میں پنجاب کی سیاست پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا،ان ملاقاتوں میں قائدین کو بتایا گیا کہ حمزہ شہباز کے پاس نمبر گیم پوری ہے، قائدین کو بتایا گیا کہ مسلم لیگ ن کے ناراض ارکان کے ساتھ پارٹی قیادت کے نتیجہ خیز رابطے ہو چکے ہیں،وزیر اعلیٰ کے دوبارہ الیکشن کی صورت میں ن لیگ کے یہ ناراض ارکان بھی حمزہ شہباز کو ہی ووٹ دیں گے ان کے جو تحفظات تھے ن لیگ کی قیادت نے وہ تحفظات دور کر دئیے ہیں۔دوسری جانب اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ایوان کا اجلاس آج طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے اسمبلی کا اجلاس آج طلب کیا ہے جب کہ اس سے قبل یہ اجلاس 30 مئی کو طلب کیا گیاتھا۔ذرائع کاکہنا ہےکہ اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے اجلاس کی تاریخ میں تبدیلی کی۔اسپیکر پنجاب اسمبلی کی طرف سے اسمبلی کا اجلاس طلب کرنےکا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔