کوئٹہ (این این آئی)محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز سبی ملک کا گرم ترین شہر رہا، جہاں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بلوچستان کے دارالحکومت وادی کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع صاف، موسم خشک اور معتدل رہا،
بیشتر علاقوں میں مطلع صاف، موسم خشک اور گرم رہا۔کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔زیارت میں 7، مستونگ اور پشین میں 14 اور قلات میں درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دور ان بلوچستان کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جہاں دن میں درجہ حرارت 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔شہر قائد کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔کراچی میں جنوب مغرب کی سمت سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 60 فیصد ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہوائوں کی رفتار 18 سے 27 کلو میٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی لہر کے باعث پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری بڑھنے کا امکان ہے۔