راولپنڈی(نیوز ڈیسک)سانحہ اٹک کا مقدمہ کاونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی میں درج کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مقامی تھانے کے ایس ایچ او نے مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست دے دی ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ پر حملے کا مقدمہ کاونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی میں درج کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مقامی تھانہ رنگو کے ایس ایچ او غلام شبیر نے مقدمے کے اندراج کے لیے سی ٹی ڈی راولپنڈی کو درخواست دے دی ہے۔ درخواست میں دہشت گردی، دھماکا خیز مواد اور قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں، درخواست میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے واقعے کے وقت جائے وقوع پر خود موجود تھا۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ خود کش حملے میں ابھی تک 2افراد کی لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔