لاہور( نیوزڈیسک )متنازعہ انٹرویو دینے والے وفاقی وزیر موسمیاتی تغیریات سینیٹر مشاہد اللہ خان نے وزارت سے استعفیٰ دےدیا جبکہ وزیراعظم نے بھی انہیں فوری طور پر مالدیپ سے وطن پہنچنے کی ہدایت کر دی ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے مشاہد اللہ خان کے وزیر اعظم کو استعفیٰ بھجوانے کی تصدیق کر دی ۔نجی ٹی وی کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے کو متنازعہ انٹر ویو کے بعد حکومتی تردید اور سیاسی حلقوں کی تنقید کے بعد سینیٹر مشاہد اللہ خان اپنی وزارت سے مستعفی ہو گئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے تصدیق کی ہے کہ مشاہد اللہ خان نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو بھیج دیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے انہیں فوری طور پر وطن پہنچنے کی ہدایت کی ہے ۔ پرویز رشید کا کہنا ہے کہ مشاہد خان اللہ مالدیپ سے واپسی پر وضاحت پیش کریں گے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے مشاہداللہ نے دعوی کیا تھا کہ تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران آئی ایس آئی کے سابق سربراہ نے سیاسی اور عسکری قیادت کو ہٹانے کی سازش تھی ۔