اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعا ت فواد چوہدری کے کزن فرخ الطاف بھی اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے سندھ ہائوس اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میںپہنچ گئے ۔بدھ کو سندھ ہائوس میں اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے ارکان اسمبلی جمع ہوئے اس موقع پر اپوزیشن اتحاد کے
ساتھ حال ہی میں شامل ہونے والی حکومت کی اتحادی جماعتوں کے ارکان اور آزاد ارکان کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے منحرف ارکان بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے ۔حیران کن طورپر وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے کزن رکن قومی اسمبلی فرخ الطاف بھی اپوزیشن کے اجلاس میں پہنچ گئے ۔واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن)کے رہنما رانا ثناء اللہ نے گزشتہ روز پریس کانفرس میں فرخ الطاف کے حوالے سے اشارہ دیا تھا اور فواد چوہدری کو چیلنج کیا تھا کہ وہ اپنے بھائی اس بات کی تردید کرادیں کہ وہ اپوزیشن کا ساتھ دینگے ۔فرخ الطاف کی شرکت کے حوالے سے صحافیوں نے وزیراطلاعات فواد چوہدری سے سوال کیا تو ان کی بجائے معاون خصوصی شہباز گل نے جواب دیکر بات ٹال دی ۔پی ٹی آئی کے دیگر منحرف اراکین کے علاوہ کراچی سے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین بھی اپوزیشن کے اجلاس میں موجودرہے ۔اجلاس میں موجود ارکان کی تعداد 199 تک پہنچ گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ ہاؤس میں تحریک انصاف کے 22 ارکان بھی موجود تھے۔