کراچی (آئی این پی ) کراچی پولیس میں بھرتی کے لیے دوڑ کے دوران نوجوان امیدوار عبد المجید گر کر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق کراچی میں بلدیہ ٹاون میں واقع پولیس ٹریننگ سینٹر میں پولیس اہلکاروں کی بھرتی کے سلسلے میں دوڑ ہو ئی ۔ پاکستان ٹیسٹنگ سروس کی رپورٹ کے مطابق 23 سالہ عبدالمجید محکمہ پولیس سندھ میں پولیس کانسٹیبل بھرتی ہونے کے لیے اتوار کی صبح 8 بجے پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد پہنچا تھا،
عبدالمجید کو بھرتی کی دوڑ کے لیے ساڑھے 8 بجے کا ٹائم دیا گیا تھا۔ لیاقت آباد کا رہائشی عبدالمجید دوڑ کے دوران مبینہ طور پر گر کر بے ہوش ہوگیا جسے مقامی طور پر طبی امداد دی گئی مگر اس دوران ہی وہ انتقال کر گیا۔ پولیس کے مطابق عبدالمجید کو فوری طور پر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے قریب ہی واقع مرشد اسپتال پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے وہاں پہنچنے پر نوجوان کی موت کی تصدیق کر دی۔