اسلام آباد (این این آئی)اپوزیشن کی جانب سے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے بعد حزب اختلاف کے ارکان اسمبلی کو پارلیمنٹ لاجز تک محدود کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے 9 گروپ قائم کیے گئے، جبکہ ہر گروپ کا ایک کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ممبران کو پارلیمنٹ لاجز سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہے، جب کوئی رکن باہر جاتا ہے تو وہ گروپ لیڈر کو آگاہ کرتا ہے۔ذرائع کے مطابق خواجہ آصف، رانا ثناء اللّٰہ، عبدالرحمان کانجو ،رانا تنویر و دیگر سینئر رہنماؤں کو گروپ لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال ارکان اسمبلی سے مسلسل رابطے میں ہیں، خواجہ آصف، مرتضیٰ جاوید عباسی بھی ارکان اسمبلی سے مسلسل رابطے میں ہیں۔واضح رہے کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے جمع کروائی گئی تحریک عدم اعتماد پر بحث اور ووٹنگ کے معاملے پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اسپیکر کو 14 مارچ کو اجلاس بْلانے کی تجویز دی ہے۔ذرائع کے مطابق تجویز دی گئی ہے کہ 3 دن بحث کے بعد 18 مارچ کو ووٹنگ کروادی جائے، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی تجویز پر حتمی فیصلہ اسپیکر اسد قیصر کریں گے۔قواعد کے مطابق ریکوزیشن پر اسمبلی اجلاس 14 دن میں بْلانا ہوتا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروائی تھی۔