لاہور( این این آئی) موجودہ سیاسی صورتحال میں تحریک انصاف ہم خیال گروپ بھی متحرک ہو گیا ، سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا ،صوبے میں تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کی صورت میں اتفاق رائے سے فیصلہ کرنے پر اتفاق کر لیا گیا ۔ تحریک انصاف ہم خیال گروپ کا اجلاس جوہر ٹائون میں منعقد ہوا
جس میں غضنفر عباس چھینہ، سردار شہاب الدین ، فاروق چیمہ، کرنل (ر) غضنفر عباس ، عامرعنایت شہانی، علی رضا خاکوانی، اعجاز سلطان بندیشہ سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں صوبے میں تبدیل ہوتی سیاسی صورتحال ، اپوزیشن کے رابطے سمیت آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہم خیال گروپ کسی دوسرے گروپ کا حصہ بننے کی بجائے اپنی الگ حیثیت بر قرار رکھے گا ۔ گروپ نے وزیر اعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے حوالے سے اپنے بعض تحفظات کا اظہار کیا ۔ مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق چیمہ نے کہا کہ ہمارے گروپ میں اراکین پنجاب اسمبلی شامل ہیں اس لئے ہمارے گروپ کا وفاق میں پیش ہونے والی تحریک عدم اعتماد سے کوئی تعلق نہیں ۔ ہمارا جہانگیر ترین اور علیم خان گروپ سے بھی کوئی تعلق نہیں ، ہم اپنی الگ حیثیت بر قرار رکھیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سے کچھ تحفظات ہیں جب صوبے میں تحریک عدم اعتماد پیش ہو گی تو مشاورت اور اتفاق رائے سے فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کے ہر فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں ، وزیر اعظم عمران خان کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمارے ساتھ رابطہ کیا ہے ۔وزیر اعلیٰ آفس سے بھی ٹیلیفون کالز آئی ہیں ، وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے میں کوئی حرج نہیں ۔