لاہور(این این آئی، آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی اہم قیادت نے ترین گروپ سے رابطہ کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ترین گروپ کے مرکزی رہنما عون چودھری سے رابطہ کیا۔مسلم لیگ( ن) کا اعلی سطحی وفد ترین گروپ سے ملاقات کا خواہشمند ہے۔
ٹیلی فونک رابطے کے بعد ترین گروپ نے مشاورت کے لئے ایک اور اجلاس طلب کرلیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رابطے اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔دوسری جانب ملک کی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے باعث پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ناراض پی ٹی آئی کے 10 اراکین پنجاب اسمبلی نے گزشتہ روز اپنا اجلاس طلب کیا۔ ناراض گروپ کے سربراہ رکن پنجاب اسمبلی چھینہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پنجاب اسمبلی نے پی ٹی آئی کے 10 سے زائد اراکین نے شرکت کی اور ملک کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کی حمایت کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا تاہم چھینہ گروپ کے ارکان نے حتمی فیصلے کو تاحال سینہ راز میں رکھا ہوا ہے۔