راولپنڈی (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کچھ نہیں کر سکتی، وزیر اعظم عمران خان چوروں ،اچکوں اور لٹیروں کو شکست فاش دے گا۔ منگل کو فاطمہ جناح یونیورسٹی میں عالمی یوم نسواں کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے
انہوں نے کہاکہ فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی کاقیام 90 کی دہائی میں میری کاوشوں سے عمل میں آیا،میں نے راولپنڈی کے اس حلقے میں دو مزید یونیورسٹیاں بنائیں۔انہوںنے کہاکہ راولپنڈی تعلیم کے لحاظ سے بہت آگے ہے، میں نے پنڈی میں 60 کے قریب تعلیمی ادارے بنائے، سب خواتین کی تعلیم کے لئے تھے۔ انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ چیف منسٹر ہائوس، کمشنر ہائوس سمیت اہم سرکاری عمارات تعلیمی مقاصد کے لئے دی جائیں، وزیرداخلہ نے لال حویلی کو بھی تعلیمی مقاصد کے لئے دینے کااعلان کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ عزتوں کے فیصلے خداکے پاس ہیں۔ اپوزیشن کچھ نہیں کر سکتی۔ وزیراعظم چوروں، اچکوں اور لٹیروں سے نہ گھبرائیں۔ عمران خان انہیں شکست فاش دے گا۔