کراچی ،کیف (این این آئی)یوکرین سے پہلا پاکستانی طالبعلم وطن استنبول کے راستے واپس پہنچ گیا۔کراچی کے علاقے گارڈن کا رہائشی پاکستانی طالبعلم جنید حسین 4 ماہ قبل میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے گیا تھا۔جنید نے کہا کہ اللہ تعالی کا لاکھ شکر ادا کرتا ہوں کہ ایسے حالات سے نکال کر مجھے وطن واپس پہنچایا۔
بہت سے طالبعلم یوکرین میں بے یارومددگار پڑے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہمیں سمجھ نہیں آتی تھی کہ کیسے دن گزرے گا اور کیسے رات بسر ہوگی۔ میرے علاقے کے سینیٹر کہدا بخش بابر کی مہربانی سے میں واپس وطن پہنچا ہوں۔ انہوں نے میرے لئے ٹکٹ کا بندوبست کیا۔جنید حسین نے کہا کہ یوکرین میں پاکستانی سفارتخانے کا کردار صفر ہے۔ سفارتخانے نے کہا کہ صرف 3 دن کی رہائش ہم دینگے، اس کے بعد ہماری طرف سے کچھ نہیں۔ دوسری جانب روس کے یوکرین پر مسلسل حملوں کے نتیجے میں بھارتی طالب علموں کو یوکرین سے بحفاظت نکلنے میں پریشانی کا سامنا ہے جسے دیکھتے ہوئے پاکستانی سفارتخانے نے اپنی خدمات پیش کردیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستانی سفارتخانے نے بھارتی طلبہ کو پناہ دی جسے عالمی سطح پر سراہا گیا۔یوکرین میں جاری جنگ اور پورے مشرقی یورپی ممالک میں افراتفری کے دوران ایک بھارتی طالب علم نے دل موہ لینے والی ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے کے اندر بھارتی طلبہ کا ایک گروپ موجود ہے۔
پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے ان طالب علموں کو پناہ دینے کے علاوہ کھانا بھی فراہم کیا گیا۔ یوکرین میں پاکستانی سفارت خانے نے ان بھارتی طلبہ کو ایک ایسے وقت میں پناہ دی جب انہیں خارکیف سے لیویو جانے کیلئے بھارتی سفارتخانے نے مدد کرنے سے انکار کردیا تھا۔بھارت کے معروف صحافی و پروفیسر اشوک سوین نے بھی ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کی جس میں بتایا گیا کہ رومانیہ کی سرحد پر بھارتی سفارتخانے کا عملہ نہیں تھا لہٰذا ایسے میں پاکستانی سفارتخانے نے بھارتیوں کی مدد کی۔پاکستانی سفارتخانے کے اس عمل پر بھارتی طلبہ نے یوکرین میں تعینات پاکستانی سفیر نویل کھوکھر کو خراج تحسین پیش کیا ۔