لاہور( این این آئی )پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے صدر و جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ (ق)کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات کی ۔اپنی رہائشگاہ آمد پر چودھری پرویز الٰہی نے مولانا فضل الرحمان کا استقبال کیا
۔ملاقات میں طارق بشیر چیمہ، سالک حسین، حسین الٰہی، شافع حسین اور مولانا فضل الرحمن کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود شریک ہوئے۔اس دوران مولانا فضل الرحمن نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے چودھری برادران سے عدم اعتماد میںساتھ دینے کی درخواست کی۔اس پر پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے مولانا فضل الرحمان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے تو سیاسی طور پر خوب محاذ گرم کر دیا جس پر جواب دیتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔