لکسمبرگ(این این آئی)یورپ کے ملک لکسمبرگ میں پیدا ہونے والا 40 سالہ فلپ کرودر ٹی وی اور ریڈیو کا نمائندہ ہے۔ وہ ان دنوں نیوز میڈیا میں خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ فلپ کو امریکی نیوز ایجنسی نے یوکرین کے بحران کی کوریج کے لیے مقرر کیا ۔
وہ دن بھر کیف سے چھ زبانوں میں تازہ ترین صورت حال کی رپورٹنگ کرتا ہے۔ ان چھ زبانوں میں انگریزی، ہسپانوی، فرانسیسی، جرمن اور پرتگالی کے علاوہ لکسمبرگ کی اپنی زبان شامل ہے۔فلپ کے والد کا تعلق برطانیہ اور والدہ کا تعلق جرمنی سے ہے۔امریکی پالیسی کے امور کے ماہر فلپ کرودر نے 2011 میں واشنگٹن میں قیام کیا۔ اس سے قبل اس نے پیرس میں فرانس 24 چینل کے لیے کام کیا۔ وہ گھانا، انگولا، جنوبی افریقا، جرمنی اور برطانیہ کے علاوہ لیبیا میں انقلاب کی کوریج بھی کر چکا ہے۔ بعد ازاں وہ باراک اوباما اور ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں وائٹ ہائوس میں غیر ملکی صحافتی گروپ میں بھی شامل رہا۔