اسلام آباد (آن لائن )پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے تحریک عدم اعتماد لانے کیلئے اپوزیشن رہنماؤں کے سامنے نیا فارمولا پیش کردیاجبکہ اپوزیشن جماعتوں نے پیپلزپارٹی رہنما کے فارمولا پر غور بھی شروع کردیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق سید خورشید نے اپنا فارمولا پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے سے پہلے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو ہٹایا جائے۔وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں اگر اسپیکر یا ڈپٹی اسپیکر نے رولنگ دے دی کہ تحریک ناکام ہوگئی تو پھر اپوزیشن کیا کرے گی؟ خورشید شاہ نے کہاکہ وزیراعظم سے پہلے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لاکر ان کو تبدیل کیا جائے۔اپوزیشن کا اپنا اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر ہوگا تو وہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پر درست رولنگ دے گا۔ذرائع کے مطابق خورشید شاہ نے بلاول بھٹو زرداری سمیت ن لیگ کے سامنے بھی اپنا فارمولا پیش کیا اس ضمن میں خورشید شاہ کا ایاز صادق سے ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا اور ان کو بھی اپنے فارمولے سے آگاہ کیا ۔