لاہور (این این آئی)پاکستان ہاکی کا ایک اور آفتاب غروب ہوگیا،1960 روم اولمپکس گولڈمیڈلسٹ کھلاڑی اولمپین عبدالوحید خان انتقال کرگئے۔ قومی ہاکی ٹیم کے سابق سینٹر فارورڈ عبدالوحید خان کے انتقال پر صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئر(ر)خالد سجاد کھوکھر
اور سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف اولمپین آصف باجوہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے تعزیتی پیغام میں مرحوم کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی گئی ہے۔ اولمپین عبدالوحید خان نے اپنے کیریئر کے دوران 1960 روم اولمپکس میں پاکستان کی نمائیندگی کرکے گولڈ میڈل ، 1962 جکارتہ میں منعقد ہونے والی ایشین گیمز میں گولڈ میڈل اور 1966 میں بنکاک میں منعقد ہونے والی ایشین گیمز میں سلور میڈل جیتنے کے ساتھ ساتھ کئی اعزازت اپنے نام کئے اور پاکستان کا سبز ہلالی پرچم اقوام عالم میں بلند کیا۔جاری اعلامیہ کے مطابق روم اولمپکس 1960 گولڈ میڈلسٹ کھلاڑی، سابق قومی ہاکی کپتان اولمپیئن عبدالوحید خان کی نماز جنازہ (آج) بروز منگل بعد نماز ظہر ’’ مسجد منور‘‘بلاک L نارتھ ناظم آباد میں ادا کی جائے گی۔