ماسکو (این این آئی)روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے جوہری حملے کی صلاحیت کے حامل بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے تجربات شروع کر دئیے جب کہ ایک ہائپرسونک میزائل کی بھی تجرباتی لانچنگ کی گئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق صدر ولادیمیر پوٹن نے کریملن سے
روسی جوہری میزائلوں والی تجرباتی فوجی مشق کا آغاز کیا۔ ماسکو حکومت کے ترجمان دیمیتری پیسکوف نے جوہری مشقوں کے آغاز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا مقصد اسٹریٹیجک جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے روسی تیاری کو جانچنا تھا۔کریملن سے روسی صدر پوٹن نے جب اسٹریٹیجک جوہری میزائل آزمائش کے لیے لانچ کیے، تو بتایا گیا کہ اس موقع پر بیلاروس کے صدر الیکسانڈر لوکاشنیکو بھی صدر پوٹن کے ساتھ موجود تھے۔ روسی حکومت کے مطابق روسی فوج نے بیلسٹک اور کروز میزائل داغے جب کہ ایک ہائپرسونک میزائل کا کامیاب تجربہ بھی کیا گیا۔