لاہور( این این آئی) محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق رکن قومی اسمبلی کو سرکاری زمین کی غیر قانونی منتقلی کرنے والے ڈپٹی کمشنر آفس لیہ کے سپرٹنڈنٹ کوگرفتارکر لیا ۔ اینٹی کرپشن کے ترجمان کے مطابق محمد سعید نے
لیہ سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی ثقلین شاہ کو جعلسازی سے 494کنال سرکاری زمین حاصل کرنے میں مدد فراہم کی۔ملزم نے چک نمبر 170/TDAاور 172/TDAمیں سرکاری زمین سابق ممبر قومی اسمبلی کو منتقل کی۔ثقلین شاہ کومنتقل ہونے والی 172کنال اراضی کا انتقال خارج کروادیا گیا ہے، باقی زمین کی سرکار کو منتقلی کے حوالے سے عدالت میں کیس زیر سماعت ہے۔ اینٹی کرپشن پنجاب نے مقدمہ میں نامزد دیگر ملزمان کے خلاف عدالت میں چالان جمع کروادیئے ہیں۔ ثقلین شاہ بخاری سمیت مقدمہ میں نامزد دیگر ملزمان عدالت سے عبوری ضمانت پر ہیں۔ایک اور کارروائی میں اینٹی کرپشن نے گورنمنٹ کالج کی تعمیر میں ناقص میٹریل کا استعمال کرنے پر بلڈنگ ڈپارٹمنٹ سے 9لاکھ روپے کی ریکوری کر لی ۔بلڈنگ ڈپارٹمنٹ راجن پور کے خلاف انکوائری نمبر 151/21میں ریکوری کی گئی۔گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج فاضل پور کی تعمیر میں ناقص میٹریل کا استعمال کیا گیا۔وصول کئے گئے 9 لاکھ 24 ہزار روپے سرکاری خزانے میں جمع کروادیئے گئے۔