پیرس(این این آئی) فرانس کی ایک یونیورسٹی نے کھانے، پینے اور رہنے کے شعبے میں ایم اے کی ڈگری جاری کرنے کا اعلان کیا ہے جو ان ہی طالب علموں کو دی جائے گی جو یہ کورس کامیابی سے مکمل کریں گے۔مقامی میڈیا کے مطابق اس کورس کو ماسٹرز آن بی ایم وی یعنی کھانے، پینے اور رہنے میں ماسٹرز کا نام دیا گیا ہے
جبکہ اسے فرانس کی مشہور یونیورسٹی سائنسز پو لیلی نے شروع کیا۔یونیورسٹی ویب سائٹ کے مطابق آج کے دور میں اچھی غذا، اچھے مشروبات اور بہتر اندازِ رہائش کو معیاری زندگی میں اہم مقام حاصل ہے جبکہ بہت سے لوگ ان اصولوں اور ضابطوں کی پابندی بھی کررہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ کھانے، پینے اور رہنے میں ایم اے کرنے کیلیے امیدواروں کو مختلف حالات کے تحت کھانا پینا اور رہنا سیکھنے کے علاوہ متعلقہ خدمات، مصنوعات اور صنعتوں کے بارے میں بھی بہت کچھ جاننا اور سمجھنا پڑے گا۔ویب سائٹ پر اس کورس کی مزید تفصیلات کے تحت یہ بھی لکھا گیا کہ طالب علموں کو مختلف تہذیبوں اور سماجی حالات میں کھانے، پینے اور رہنے کی تربیت دی جائے گی جبکہ یہ بھی سکھایا جائے گا کہ ایک مختلف تہذیب یا سماجی پس منظر کا سامنے ہونے پر ان معمولات میں کیا تبدیلی لانی چاہیے اور کون کونسی احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔اس کے علاوہ زراعت، غذائی سائنس اور غذائی صنعت کے بارے میں تربیت بھی مختلف کورسز کا حصہ بنائی گئی ہے۔سائنسز پو لیلی یونیورسٹی ویب سائٹ کے مطابق، بود و باش (کھانا پینا اور رہنا)نہ صرف مقامی بلکہ عالمی سطح پر بھی اہمیت رکھتے ہیں جنہیں سفارت کاری تک میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔غرض یہ کہ بظاہر احمقانہ اور بے مقصد ڈگری کے پیچھے بھی سنجیدہ مقاصد پوشیدہ ہیں جبکہ یہ ڈگری حاصل کرنا بھی کوئی آسان کام ہر گز نہیں ہوگا۔