لاہور( این این آئی) بینکنگ جرائم کورٹ نے شہبازشریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے میں عبوری ضمانتوں میں توسیع کے حکم کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف آئی اے نے تاحال تفتیش مکمل نہیں کی اور بنکرز کا کردار بھی واضح نہیں کیا۔بینکنگ جرائم کورٹ کی
جانب سے شہبازشریف اورحمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرایف آئی اے نے تسلیم کیا کہ بنکرز کے کردارکے حوالے سے تفتیش نامکمل ہے اور بنکرز کا رولزواضح ہونا ہے۔ جب تک بنکرزکا کردار واضح نہیں ہوتا،اس وقت تک عدالتی دائرہ اختیار پر بحث مکمل نہیں ہوسکتی۔تحریری فیصلے میں درج ہے کہ ایف آئی اے نے رپورٹ مکمل کرنے کے لئے 10 روز کی مہلت مانگی ہے ، ایف آئی اے آئندہ سماعت پر ہر صورت تفتیش مکمل کرے۔عدالت نے شہبازشریف اورحمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 14جنوری 2022 تک توسیع کا حکم جاری کیا۔