اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ مسلم امہ متحد ہو کر مشکل وقت میں افغانستان میں اپنے مسلمان بھائیوں کا ساتھ دے۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کا غیر معمولی اجلاس نہ صرف خطہ بلکہ پوری دنیا کے اجتماعی مفادات کے لیے امن و سکون کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان عوام کو کھانے پینے کی اشیا، طبی سامان، کمبل، لحاف اور کھانے پینے کی اشیا کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے تاہم دوسرے ممالک کو بھی اس حوالے سے کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ امت مسلمہ متحد ہو جائے اور اس مشکل وقت میں افغانستان میں اپنے مسلمان بھائیوں کا ساتھ دے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان موثر رابطہ کاری کے ذریعے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد کے لیے اپنا زبردست کردار ادا کر رہا ہے، او آئی سی کانفرنس اس کی بہترین مثال ہے۔زرتاج گل نے کہا کہ غیر معمولی سیشن کا مقصد افغانستان میں انسانی بحران اور معاشی مشکلات کو روکنے کے لیے فوری امداد اور وسائل کو متحرک کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ دنیا کو اس معاملے کی حساسیت کا ادراک کرنا چاہیے اور اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔