اسلام آباد (این این آئی)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس حکام نے اب موٹرویز کے ٹول پلازہ پر ایم ٹیگ لگی اْن گاڑیوں کو بھی جرمانہ اور چالان کرنے کی وارننگ جاری کی ہے
جو ٹول پلازہ کی گرین لائن پر رکاوٹ کا سبب بنیں گی۔واضح رہے کہ ٹول پلازہ پر گرین لین کو M-Tag میں بیلنس والی گاڑیاں استعمال کرتی ہیں۔آئی جی موٹر وے پولیس انعام غنی کے مطابق گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگائے جانے کے بعد گرین لائن سے خود کار طریقے سے ٹول ٹیکس ادا کرنے کے لیے ٹیگ میں مطلوبہ بیلنس کا ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم ٹیگ میں ٹول ٹیکس کی مطلوبہ رقم سے کم بیلنس ہونے کی صورت میں گیٹ نہیں کھلتا جس بنا پر مذکورہ گاڑیاں گرین لین میں رکاوٹ ڈالنے کا باعث بنتی ہیں۔آئی جی موٹرویز انعام غنی کے بیان کے مطابق اِس صورتحال سے قانون کی پابندی کرنے والے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انعام غنی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایم ٹیگ لگوائیں اور اسے بروقت ری چارج بھی کروائیں اور سفر کو آسان بنائیں۔